ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے بورڈ بازار کے قریب موٹرسائیکل میں نصب مبینہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلا ت کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق پشاور میں بورڈ بازار کے قریب مبینہ خودکش دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
زخمی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ زخمی شخص کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا، موٹرسائیکل پر 3 افراد سوار تھے۔
کاشف آفتاب عباسی نے مزید کہا کہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع کی طرف روانہ کر دی گئی جبکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور بورڈ بازار کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور شہباز شریف نے شہید ہونے والوں کے بلندی درجات کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، جبکہ زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بورڈ بازار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔