پبلک نیوز:23 مارچ کو منایا جانے والا یوم پاکستان ملکی تاریخ میں تمام پاکستانیوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق 23 مارچ 1940 کو قرارداد لاہور پیش کی گئی جسے بعد ازاں قرارداد پاکستان کا نام دیا گیا، قرارداد پاکستان جس کی بنیاد پر مسلمانوں کی سیاسی جماعت مسلم لیگ نے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا مطالبہ کیا۔
وہ مطالبہ جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھرا، اس مطالبے کی بدولت جداگانہ وطن کے لیے ایسی تحریک کا آغاز ہوا جو سات برس کے بعد الگ وطن کے مطالبے کے حصول میں کامیاب ہو گئی۔
23 مارچ کے بارے میں عوام نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بننے کی تحریک 23 مارچ 1940 کو شروع ہوئی تھی، قائدِ اعظم اور علامہ اقبال کی جد وجہد اور کوششوں سے پاکستان ممکن ہوا، ہم بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔
عوام کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے ہمیں ایسا ملک ملا جہاں ہمیں بھرپور مذہبی آزادی حاصل ہے، ہم اس بار بھی بھرپور جوش و خروش سے یوم پاکستان منائیں گے، پاکستان کے حصول اور بقاء میں فوجی جوانوں کا بھی بہت اہم کردار ہے۔
عوام نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جو دشمن ہمیں کمزور سمجھتے ہیں وہ 23 مارچ کی پریڈ دیکھ لیں ان کی یہ غلط فہمی بھی دور ہو جائے گی، اس ملک کے لئے پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں، ہم اللہ کے بہت شکر گزار ہیں کہ ہمیں پاکستان جیسی نعمت ملی۔