کابینہ کی چینی و آٹے کی قیمتیں برقرار رکھنے کی منظوری

کابینہ کی چینی و آٹے کی قیمتیں برقرار رکھنے کی منظوری
مریم اورنگزیب نے کہا ہے رمضان پیکیج کے تحت آٹے اور چینی کے تعین کئے گئے نرخوں کو آئندہ بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے سے کم کر کے 800 روپے کیا گیا تھا، اسی طرح چینی 85 روپے کلو سے 70 روپے کلو کی گئی تھی، کابینہ نے منظوری دی ہے کہ اسی ریٹ پر ان اشیاء کی قیمتوں کو برقرار رکھا جائے، کابینہ نے پاکستان کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کی ہدایات جاری کی ہیں. وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس، کہا کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے سعودی عرب اور یو اے ای کے دورہ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا. ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کا چیئرمین واپڈا کے عہدہ سے استعفیٰ منظور کرلیا ہے. ممبر فنانس واپڈا کو چیئرمین واپڈا کی تعیناتی کا پراسیس مکمل ہونے تک چیئرمین واپڈا کے عہدہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے. وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے پنجاب کےا ندر دوبارہ آئین شکنی کی سازش کی جا رہی ہے، عمران خان کی آئینی شکنی میں غنڈہ گردی بھی شامل ہے. ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چار سالوں کے دوران گندم کی کاشتکاری کے دوران کوئی مراعات نہیں دی گئیں، 2018ء میں ڈی اے پی کی بوری 2600 روپے کی تھی جو اس وقت 10 ہزار روپے میں مل رہی ہے، جس وقت گندم کی کاشت ہو رہی تھی اس وقت ڈی اے پی دستیاب ہی نہیں تھی، ملک کے اندر گندم کی صورتحال دیکھتے ہوئے کابینہ نے تین ملین میٹرک ٹن امپورٹ کی اجازت دی جو صرف ایک خاص مدت کے لئے ہے2018ء میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہوئی اس وقت پاکستان گندم ایکسپورٹ کر رہا تھا. مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر غذائی تحفظ کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر ایسا پلان مرتب کیا جائے جس کے تحت نہ صرف گندم کی پیداوار میں اضافہ ہو بلکہ پاکستان گندم برآمد کر سکے. بریفنگ میں وزیراطلاعات نے بتایا کہ محمد مسعود کو ڈائریکٹر انڈسٹریل اینڈ کمرشل ریلیشن شپ، کو بطور ممبر پاکستان آرڈیننس فیکٹری تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، کابینہ نے ایڈمرل (ر) سلمان الیاس کو ایم ڈی شپ یارڈ انجینئرنگ ورکس کے ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی،کابینہ نے 1974ء کے پاسپورٹ ایکٹ کے تحت ایک سے زائد غیر ملکی پاسپورٹس کو منسوخ کرنے کی منظوری دی، کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ایسے پاسپورٹس کو نہ صرف منسوخ کیا جائے بلکہ آئندہ اس کی روک تھام کیلئے حکمت عملی اختیار کی جائے. ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے دو پاسپورٹس منسوخ کرنے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2022ء مقرر کی گئی ہے، اس وقت تک پروسیجرل اور انتظامی امور مکمل کرنے کی ہدایت کی.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔