دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے سری لنکا کرکٹ کی رکنیت معطل کر دی ہے۔ آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فوری طور پر سری لنکا کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ کو حکومتی مداخلت کی بنا پر معطل کیا گیا ہے۔ ترجمان آئی سی سی کے مطابق بورڈ اجلاس میں اتفاق ہوا کہ سری لنکا کرکٹ کے معاملات آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ معطلی اور اس کے خاتمے کی شرائط و ضوابط جلد طے کریں گے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سری لنکا کے وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے کرکٹ بورڈ کو فارغ کر دیا تھا۔ جس کے بعد 1996 ورلڈکپ فاتح ٹیم کے کپتان ارجنا رانا ٹنگا کو عبوری چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ وزیر کھیل کے کرپشن کے الزامات پر بورڈ سے تعلقات کشیدہ تھے۔ بعد ازاں سابق صدرکرکٹ بورڈ شمی سلوا نے وزرات کھیل کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جس کے بعد اپیل کورٹ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو فارغ کرنے کے بعد عبوری کمیٹی کےقیام پر عملدرآمد روک دیا ۔