دبئی: آئی سی سی نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیت لیا ہے، پاکستانی ٹیم کے بیٹر محمد رضوان ماہ ستمبر کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں، رضوان نے گزشتہ ماہ 10 اننگز میں 7 نصف سینچریاں اسکور کیں۔ محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے نمبر ون بیٹر بھی ہیں۔ دوسری جانب بھارت کی ہرمن پریت کور کو آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کیلئے پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، بھارت کے اکسر پٹیل اور آسٹریلیا کے کیمرون گرین کو نامزد کیا تھا۔جبکہ آئی سی سی ویمن پلئیر آف دی منتھ میں بھارت کی ہرمن پریت کور، سمرتی مندھنا اور بنگلادیش کی نگار سلطانہ کو نامزد کیا گیا تھا۔