(ویب ڈیسک ) جنوبی کوریا کی معروف مصنفہ ہان کانگ کو 2024 کا نوبل انعام برائے ادب دیا گیا ہے۔ ان کو یہ اعزاز “ان کی شاعرانہ نثر، جو تاریخی سانحات کا سامنا کرتی ہے اور انسانی زندگی کی ناپائیداری کو بے نقاب کرتی ہے” کے اعتراف میں دیا گیا۔
ہان کانگ 1970 میں جنوبی کوریا کے شہر گوانگجو میں پیدا ہوئیں اور نو سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ سیول منتقل ہو گئیں۔ ان کا ادبی پس منظر ہے کیونکہ ان کے والد بھی مشہور ناول نگار ہیں۔
انہوں نے 1993 میں شاعری سے اپنے ادبی سفر کا آغاز کیا اور 1995 میں اپنے اولین افسانوی مجموعے “Love of Yeosu” کے ذریعے نثر نگاری میں قدم رکھا۔
ان کا سب سے بڑا بین الاقوامی کامیاب ناول “The Vegetarian” (2007) ہے، جس نے انہیں عالمی شہرت بخشی۔ اس ناول میں مرکزی کردار کے ذریعے روایتی غذائی عادات سے انکار اور اس کے تشدد آمیز نتائج کو بیان کیا گیا ہے۔
ہان کانگ کے تمام ادبی کاموں میں جسمانی اور ذہنی تکالیف کا اظہار نظر آتا ہے، جہاں وہ زندگی کی ناپائیداری کو انتہائی گہرائی کے ساتھ پیش کرتی ہیں۔