متنازعہ خط پارلیمنٹ کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں لانے کا اعلان

متنازعہ خط پارلیمنٹ کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں لانے کا اعلان
اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے متنازعہ خط کا معاملہ پارلیمنٹ کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں لانے کا اعلان کردیا ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کمیٹی میں تمام اراکین، مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی موجود ہوں گے، بیرونی سازش میں ملوث ہونا ثابت ہوا تو بلا تاخیر گھر چلا جاؤں گا،یہ معاملہ جلد سے جلد حل ہو جانا چاہئیے۔ نومنتخب شہباز شریف نے ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا، پریس کلبز اور سول سوسائٹی کے آئین پرست نمائندوں کا شکریہ ادا کیا،وکلا برادری اور تمام بار کونسلز سے بھی شہباز شریف نے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرض کی زندگی کوئی زندگی نہیں،اگر ہم نے زندہ رہنا ہے تو باوقار اور خود مختار قوم کی طرح رہنا ہے،بے شک 4 برس میں چرس اور بھنگ جیسے مقدمات بنائے گئے۔ شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ کوئی غدار ہے اور نہ کوئی غدار تھا،اگر جمہورہیت کو آگے بڑھانا ہے تو ڈیڈ لاک نہیں ڈائیلاگ اپنانا ہو گا،مخالفت نہیں مفاہمت سے کام لینا ہو گا،باتوں سے تبدیلی آنا ہوتی تو 4 برس میں ہم دنیا کا شاندار تبدیلی بن جاتے، نہ جانے یہ کیسی تبدیلی تھی جس نے معاشرے میں زہر گھول دیا،معاشرے میں پھیلے زہر کو صاف کرنے میں اب کئی برس لگ جائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت انتہائی گھمبیر حالت میں ہے،ان تھک محنت کرنا ہو گی، خون پسینہ ایک کرنا ہو گا،ملک کی ڈوبتی کشتنی کو بچانا ہے تو اتحاد کے سوا کوئی طریقہ نہیں، صورتحال بہت خراب ہے، اللہ نے چاہا تو سخت محنت سے صورتحال بدلے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمت ہارنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کیا تمام اسٹیک ہولڈرز نے نیشنل ایکشن پلان نہیں بنایا تھا، یہ قوم ایک عظیم اور طاقتور قوم بنے گی،بھکاریوں کو کون پوچھتا ہے۔

تنخواہوں میں اضافہ :

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کم از کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کردیا ہے، ماہانہ اجرت میں اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا، اچھی پالیسیوں سے پاکستان کو سرمایہ داروں کی جنت بنائیں گے۔

پنشن میں اضافہ :

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پنشنرز شدید تکلیف میں ہیں۔وزیراعظم نے سول اور ملٹری پنشنرز کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کا اعلان کردیا۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام : وزیراعظم شہباز شریف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام قومی وحدت کی علامت ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید وسعت دیتے ہوئے تعلیم سے منسلک کریں گے۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔