بیساکھیوں کے سہارے حکومت ملی، کھل کر کام کرنے کا موقع نہیں ملا

بیساکھیوں کے سہارے حکومت ملی، کھل کر کام کرنے کا موقع نہیں ملا
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیساکھیوں کے سہارے حکومت ملی، کھل کر کام کرنے کا موقع نہیں ملا، اب پارٹی سے وفاداروں کو ہی ٹکٹس دے کر کامیاب بنائیں گے. تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ،جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔تحریک انصاف نے عوامی رابطہ مہم اور جلسے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسمبلی سے استعفی دے دیے اب پارلیمنٹ نہیں جائیں گے،تحریک انصاف اب عوامی سطح پر نئے انتخاب کا دباؤ ڈالے گی، تحریک انصاف کی مقبولیت سے تمام جماعتیں خوفزدہ ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دوبارہ پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت لے کر جائیں گے، اتحادی حکومت میں بلیک میل ہوتے رہے، آئندہ اتحادیوں کو ساتھ ملا کر حکومت نہیں بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیساکھیوں کے سہارے حکومت ملی، کھل کر کام کرنے کا موقع نہیں ملا، اب پارٹی سے وفاداروں کو ہی ٹکٹس دے کر کامیاب بنائیں گے، دوبارہ اقتدار میں آ کر ہارس ٹریڈنگ کا ہمیشہ کے لیے راستہ بند کروں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتدار جانے کا دکھ نہیں اپنے ہی افراد کے دھوکہ دینے سے دکھ ہوا، پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ایوان میں آ کر بیٹھیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔