انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی: ای سی پی نے سپریم کورٹ رپورٹ جمع کرادی

انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی: ای سی پی نے سپریم کورٹ رپورٹ جمع کرادی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں رپورٹ جمع کرا دی ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹرقانون خرم شہزاد نےسربمہر لفافے میں رپورٹ جمع کروائی ۔ پنجاب انتخابات پر الیکشن کمیشن کی رپورٹ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیش کردی گئی ہے. ہ پنجاب انتخابات کے لیے فنڈز دیے گئے نہ ہی مطلوبہ سیکیورٹی فورس دی گئی، الیکشن کمیشن کی ایک صفحہ پر مشتمل رپورٹ چیف جسٹس کو پیش کی گئی. الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں‌کہا گیا ہے کہ 21 ارب روپے تاحال فراہم نہیں کیے گئے، پنجاب نگران حکومت نے سیکیورٹی کیلئے صرف 75ہزار اہلکار دینے کی رضامندی ظاہر کی، پنجاب میں انتخابات کیلئے تین لاکھ سیکورٹی اہلکاروں کی کمی ہے. سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی سے متعلق آج رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے رکھا تھا۔ رپورٹ چیف جسٹس عمر عطا بندیال ،جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر کو پیش کی جائے گی ۔ سپریم کورٹ نے حکومت کو پنجاب کے لئے 10 اپریل تک فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا تھا ۔ عدالت نے سیکورٹی کی فراہمی اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے متعلق بھی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی ۔ گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو الیکشن کرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا تھاکہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی 8 اکتوبر کی تاریخ دے کر دائرہ اختیار سے تجاوزکیا، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیں جمع کرانےکی آخری تاریخ 10اپریل ہوگی، 17 اپریل کو الیکشن ٹریبونل اپیلوں پر فیصلہ کرےگا، پنجاب میں امیدواروں کی حتمی فہرست 18 اپریل کو شائع کی جائیں، انتخابی نشانات 20 اپریل تک الاٹ کیے جائیں۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھاکہ وفاقی حکومت 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپےکا فنڈ جاری کرے، الیکشن کمیشن 11 اپریل کو سپریم کورٹ میں فنڈ مہیا کرنےکی رپورٹ جمع کرائے، الیکشن کمیشن فنڈ کی رپورٹ بینچ ممبران کو چیمبر میں جمع کرائے، فنڈ نہ ملنےکی صورت میں سپریم کورٹ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرےگا۔ فیصلہ میں حکم دیا گیا تھاکہ پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کو سکیورٹی پلان دے، پنجاب کی نگران کابینہ اور چیف سیکرٹری 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو انتخاباتی عملےکے لیے رپورٹ کریں، نگران حکومت پنجاب میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام معاونت اور وسائل فراہم کرے، وفاقی حکومت انتخابات کے لیے وسائل اور معاونت فراہم کرے۔ فیصلے میں کہا گیا تھاکہ وفاقی حکومت انتخابات کے لیے افواج، رینجرز، ایف سی اور دیگر اہلکار فراہم کرے، وفاقی حکومت 17 اپریل تک الیکشن کمیشن کو سکیورٹی پلان فراہم کرے، وفاقی حکومت اور نگران حکومت پنجاب نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کیا تو کمیشن عدالت کو آگاہ کرے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔