لتا منگیشکر کورونا وائرس میں مبتلا، آئی سی یو میں منتقل

لتا منگیشکر کورونا وائرس میں مبتلا، آئی سی یو میں منتقل
ممبئی: (ویب ڈیسک) انڈیا کی مشہور سنگر لتا منگیشکر کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئی ہیں، حالت بگڑنے پر انھیں ہسپتال منتقل کرا دیا گیا ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق لتا منگیشکر کے جسم میں چند روز سے کورونا وائرس کی علامات تھیں، احتیاطاً ان کا ٹیسٹ کروایا گیا تو پتا چلا کہ وہ وبائی مرض کی لپیٹ میں آ چکی ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر انھیں فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں شفٹ کر دیا ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ لتا منگیشکر کی طبیعت بہتر ہے، انھیں صرف احتیاطی اختیار کرتے ہوئے انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا ہے۔ https://twitter.com/ANI/status/1480791847005929473?s=20 خیال رہے کہ لتا منگیشکر نے گذشتہ سال ستمبر 2021ء میں اپنی 92ویں سالگرہ منائی تھی۔ انھیں دو سال قبل 2019ء میں بھی سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے کیرئیر پر بات کی جائے تو لتا منگیشکر نے اپنے والد دینا ناتھ کے انتقال کے بعد 1942ء میں باقاعدہ گلوکاری کا آغاز کیا تھا۔ دینا ناتھ کی بیٹیوں میں ناصرف لتا منگیشکر نے گلوکاری کی دنیا میں شہرت حاصل کی بلکہ ان کی چھوٹی بہن آشا بھوسلے نے بھی اس میں بہت نام کمایا۔ 1929ء میں پیدا ہونے والی لتا منگیشکر اب تک پچاس ہزار سے زیادہ گانے، غزلیں اور گیت گا چکی ہیں۔ وہ 1974ء سے 1991ء تک گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ ہولڈر کے طور پر شامل رہیں۔

Watch Live Public News