وزیر اعظم کا کامیڈیان ماجد جہانگیر کی وفات پر افسوس کا اظہار

وزیر اعظم کا کامیڈیان ماجد جہانگیر کی وفات پر افسوس کا اظہار
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماجد جہانگیر مزاح کے شعبے میں ایک ستارے کی مانند تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نامور کامیڈین ماجد جہانگیر کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماجد جہانگیر مزاح کے شعبے میں ایک ستارے کی مانند تھے، ففٹی ففٹی جیسے یادگار ڈراموں میں ان کی فنکاری تاریخ میں زندہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسماعیل تارا مرحوم اور ماجد جہانگیر نے مزاح کو ایک جہت دی، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ خیال رہے کہ ماضی کے دور کے مزاحیہ ڈرامے ‘ففٹی ففٹی’ میں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے سینیئر اداکار ماجد جہانگیر اب اس دنیا میں نہیں رہے ۔ ڈرامہ سیریل ‘ففٹی ففٹی’ سمیت دیگر ڈراموں میں ناظرین کو اپنی بے ساختہ اداکار ی اور ہنسی سے لوٹ پوٹ کرنے والے اداکار ماجد جہانگیر لاہور میں انتقال کر گئے ہیں ۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اداکار ماجد جہانگیر 1 ماہ قبل گھر پر بیڈ سے گر گئے تھے، جس وجہ سے ان کی ریڑھ کی ہڈی فریکچر ہوگئی تھی اور انہیں سانس کا مرض پہلے ہی تھا جو کہ شدت اختیار کر گیا تھا ۔بیٹے فہد ماجد نے بتایا کہ والد ماجد جہانگیر کی تدفین کراچی میں کی جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔