(ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ کل دوپہر 12بجے سنائے گا۔کاز لسٹ جاری کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مخصوص نشستوں کے کیس کا فیصلہ اب دن بارہ بجے سنایا جائے گا. سپریم کورٹ کا فل بنچ فیصلہ سنائے گا.رجسٹرار آفس کی جانب سے نئی کاز لسٹ جاری کر دی گئی۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں فل کورٹ فیصلہ سنائے گا۔
اس سے قبل جو کاز لسٹ جاری کی گئی تھی اس کے مطابق فیصلہ صبح 9 بجے سنایا جانا تھا۔کاز لسٹ کے مطابق فیصلہ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی ریگولربینچ نے سنانا تھا۔
قبل ازیں سپریم کورٹ میں آج دوبارہ فل کورٹ مشاورتی اجلاس شروع ہوا۔ اجلاس میں فل کورٹ کے 13 ججز شامل تھے۔
جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، محمد علی مظہر، عائشہ ملک، اطہر من اللہ، سید حسن اظہر رضوی، شاہد وحید، عرفان سعادت خان اور نعیم اختر افغان فل کورٹ کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق ججز کی مخصوص نشستوں کے فیصلے پر مشاورت ختم ہوگئی ، مخصوص نشستوں کے کیس کا محفوظ فیصلہ آج نہیں سنایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ محفوظ نشستوں کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ فل کورٹ بنچ نے گزشتہ روز بھی کم و بیش دو گھنٹے مشاورت کی تھی۔
یاد رہے کہ 9 جولائی 2024 کو سپریم کورٹ کے فل بینچ نے مخصوص نشستوں سےمتعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔