لاہور: (ویب ڈیسک) آپ نے کرکٹ میں کئی ریکارڈ بنتے اور ٹوٹتے دیکھے ہوں گے۔ لیکن آج ہم آپ کو ان 5 ریکارڈز کے بارے میں بتائیں گے جو بہت کم لوگ جانتے ہیں اور اتنے سالوں سے کوئی بھی ان ریکارڈ کو نہیں توڑ سکا ہے۔ اس میں کچھ ایسے حقائق بھی ہیں جو آپ نے پہلے کبھی نہیں پڑھے ہوں گے۔ ٹیسٹ میچ کی پہلی گیند پر چھکا ٹی ٹونٹی میں آپ نے میچ کی پہلی گیند پر چھکا ضرور دیکھا ہوگا لیکن ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا صرف ایک بار ہوا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل واحد بلے باز ہیں جو ٹیسٹ میچ کی پہلی گیند پر چھکا لگانے میں کامیاب رہے۔ گیل نے یہ کارنامہ بنگلا دیش کے خلاف 2012 میں سوہاگ غازی کی گیند پر انجام دیا تھا جو بنگلا دیش کے سپن بولر ہیں۔ سچن کے بلے سے سنچری بنائی 1996ء میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں شاہد آفریدی نے 37 گیندوں پر 11 چھکے اور 6 چوکے لگا کر تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ اب یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے بلے باز اے بی ڈویلیئرز کے نام ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آفریدی نے اس میچ میں سچن ٹنڈولکر کے بلے کا استعمال کیا تھا۔ دراصل آفریدی کے پاس مناسب بیٹ نہیں تھا، اس لیے وقار یونس نے انہیں سچن کا بیٹ کھیلنے کے لیے دیا۔ ٹیسٹ میچ کی پہلی گیند پر آؤٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی گیند پر سب سے زیادہ آؤٹ ہونے کا ریکارڈ سابق ہندوستانی بلے باز سنیل گواسکر کے پاس ہے۔ سنیل گواسکر 3 بار ٹیسٹ میچ کی پہلی گیند پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔ اب تک کوئی بھی اس ریکارڈ کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ ون ڈے میں لگاتار چار مین آف دی میچ سورو گنگولی کرکٹ کی تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ون ڈے میں لگاتار چار بار مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا ہے۔ گنگولی نے 1997 میں ٹورنٹو میں پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں لگاتار 4 مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا تھا۔ ٹیسٹ میچ میں 19 وکٹیں انگلینڈ کے باؤلر جم لیکر نے ٹیسٹ میچ میں 19 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انگلینڈ کے باؤلر جم لیکر نے اکیلے آسٹریلوی ٹیم کو تہس نہس کر دیا تھا۔ یہ ٹیسٹ میچ میں کرکٹ کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ جم لیکر نے اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 9 اور دوسری اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔