وزیر خوراک کی مختلف ہوٹلز، ریسٹورنٹس کی چیکنگ ، ناقص انتظامات پر 4 ریسٹورنٹس سیل

وزیر خوراک کی مختلف ہوٹلز، ریسٹورنٹس کی چیکنگ ، ناقص انتظامات پر 4 ریسٹورنٹس سیل

(ویب ڈیسک )سدھیر چودھری :   وزیر خوراک بلال یاسین نے گلبرگ، نشتر اور شالیمار ٹاؤن میں 8 معروف ہوٹلزاور ریسٹورنٹس کی چیکنگ کی، ناقص انتظامات پر 4 ریسٹورنٹس سیل، 4 کو 2 لاکھ 50 ہزار کے جرمانے عائد کر دئیے۔ 

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں شہریوں کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے بڑا ایکشن لے لیا۔

  وزیر خوراک نے رمضان کریم کی پہلی سحری سے قبل 8 معروف ریسٹورنٹس کی چیکنگ کی جن میں سے 4 کو انتہائی ناقص انتظامات پر سیل کر دیا گیا اور باقی 4 کو 2 لاکھ 50 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے۔ 

 بلال یسین نے رمضان المبارک کی پہلی سحری سے قبل فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ گلبرگ، نشتر اور شالیمار ٹاؤن میں معروف ہوٹلز کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران ریسٹورانٹس کے کچن میں بلیوں اور چوہوں کی موجودگی پر وزیر خوراک نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے  ناقابل برداشت قرار دیا۔

  وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ ناقص اشیاء خورونوش فروخت کرنے والے عناصر کسی نرمی کے حقدار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندے ٹوٹے فنگس زدہ فریزر، بدبودار واشنگ ایریا اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات کی وجہ سے ریسٹورانٹس کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

 بلال یاسین نے کہا کہ زائد المیعاد گوشت، باسی سبزیاں اور انتہائی ناقص سٹوریج پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زنگ آلود برتنوں اور گریسی فریزرز کو استعمال کیا جا رہا تھا۔ اس دوران 20 لٹر ناقص زائد المیعاد آئل، بھاری مقدار میں باسی گوشت کی تیار کڑاہی اور ایکسپائر بریڈ تلف کی گئی۔

  وزیر خوراک نے کہا کہ ناقص، غیر معیاری اشیاء خوردونوش کا استعمال متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے اس لیے پنجاب کے باسیوں تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے مستقل کوشش جاری ہے۔

بلال یاسین نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو ہدایت جاری کی کہ رمضان المبارک میں ملاوٹ مافیا کو نکیل ڈالنے کے لیے 3 شفٹوں میں کام جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ صحت دشمن عناصر معاشرے کا ناسور ہیں اور پنجاب میں انکی کوئی جگہ نہیں ہے۔

Watch Live Public News

ہیڈ اکنامک افئیرز