امریکا نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کو جھوٹ، ناقص معلومات اور پروپیگنڈا پر مبنی قرار دے دیئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق امریکا کی جانب سے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سب باتیں جھوٹ اور پروپیگنڈا ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کی جانب سے اس اہم معاملے پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم عمران خان کے الزامات کو پاکستان کیساتھ دو طرفہ تعلقات کی راہ میں کسی طور حائل نہیں ہونے دیں گے۔ امریکا پاکستان کیساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹوننی بلنکن نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے تفصیلی گفتگو کی تھی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ امریکا اور پاکستانی حکام کے درمیان کوئی ملاقات شیڈول کی گئی ہے۔ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو زرداری نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران تعلیم، توانائی، ماحولیات، دہشتگردی اور افغانستان سمیت کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔