القادر ٹرسٹ کیس، عمران خان کو اہلیہ سے فون پربات کی اجازت مل گئی

القادر ٹرسٹ کیس، عمران خان کو اہلیہ سے فون پربات کی اجازت مل گئی
اسلام آباد: نیب کی حراست میں موجود سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو اہلیہ بشریٰ بی بی سے فون پر بات کرنے کی اجازت مل گئی ۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے القادر ٹرسٹ کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے ۔ فیصلے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے معالج ڈاکٹر فیصل کو میڈیکل ٹیم کا حصہ بنانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چئیرمین عمران خان کو اہلیہ بشریٰ بی بی سے فون پر بات کرنے اور ان کے وکیل کو حراست کے دوران ملاقات کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ القادر ٹرسٹ کیس میں گذشتہ روز احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر درخواست پر سابق وزیر اعظم عمران خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا ۔ عدالت نے چئیرمین پی ٹی آئی کو 17 مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کو القادر یونیورسٹی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تھا جہاں نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا بھی کی تھی ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔