نیوزی لینڈ پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گیا

نیوزی لینڈ پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گیا
ابوظہبی: (ویب ڈیسک) ڈیرل مچل کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو سیمی فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ کیوی ٹیم نے 167 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ 13 کے سکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل انگلش بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے۔ انہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی۔ مچل نے 48 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر انگلش ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ معین علی کی ففٹی رائیگاں گئی۔ ڈیرل مچل کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بدھ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا۔ انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے، جوز بٹلر اور جونی بیئرسٹو نے ٹیم کو 37 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ایڈم ملن نے بیئرسٹو کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 13 رنز بنائے۔ 53 کے مجموعی سکور پر آئش سودھی نے جوزبٹلر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، بٹلر 29 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس موقع پر معین علی نے ڈیوڈمیلان کے ساتھ مل کر شاندر بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 63 اہم رنز جوڑ کر سکور 116 تک پہنچا دیا، یہ پارٹنرشپ کیوی ٹیم کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ ٹم سائوتھی نے میلان کو آئوٹ کر کے نہ صرف پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو اہم کامیابی بھی دلائی، میلان نے 41 رنز بنائے، 156 کے سکور پر انگلینڈ کی چوتھی وکٹ گری جب لیام لیونگسٹون 17 رنز بنا کر جیمز نیشم کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، معین علی نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ففٹی مکمل کی اور 51 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کپتان ایوان مورگن 4 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ٹم سائوتھی، ایڈم ملن، آئش سودھی اور نیشم نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کیوی ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر کرس ووکس نے مارٹن گپٹل کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، گپٹل 4 رنز بنا سکے، 13 کے سکور پر کیوی ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب کپتان کین ولیمسن 5 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس موقع پر ڈیرل مچل اور ڈیوون کونوے نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 82 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 95 تک پہنچا دیا، یہ پارٹنرشپ انگلینڈ کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ یہاں پر لیونگسٹون نے کونوے کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔ انہوں نے 46 رنز بنائے، 107 کے سکور پر کیوی ٹیم کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب گلین فلپس 2 رنز بنا کر لیونگسٹوں کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر ڈیرل مچل نے نیشم کے ساتھ مل کر سکور 147 تک پہنچا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، یہاں پر نیشم 26 رنز بنانے کے بعد عادل رشید کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے لیکن ڈیرل مچل حریف بائولرز کے سامنے ڈٹے رہے، انہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48 گیندوں پر4 چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی، مچل سینٹنر ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کرس ووکس اور لیونگسٹوں نے 2، 2 اور عادل رشید نے ایک وکٹ لی۔

Watch Live Public News