اسلام آباد: فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ایک بار پھر ملتوی کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی جس میں فواد چودھری کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ فواد چودھری بیمار ہیں اس لیے نہیں آئے۔ ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ نے کہا کہ آپ نے رویہ اپنا لیا ہے کہ یہاں پیش نہیں ہوتے، ممبر نثار درانی نے کہا کہ اس پر ہم مناسب آرڈر جاری کریں گے۔ اسد عمر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تو ممبر نثار درانی نے کہا آپ کے وکیل انور منصور تو یہاں پر پیش نہیں ہوتے، جس پر اسد عمر نے جواب دیا کہ آج یہاں خود پیش ہوا ہوں، سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کردیں، تب تک فواد چودھری کی طبیعت بھی بہتر ہوجائے گی۔ ممبر نثار درانی نے اسد عمر کی استدعا پر جواب دیا کہ 24 اکتوبر تک فواد چودھری کی طبیعت ٹھیک ہو جائے گی اور اس بہانے آپ کی ان سے ملاقات بھی ہوجائے گی۔ بعدازاں اسد عمر اور فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔