دوحہ:(پبلک نیوز) طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابینہ کی تقریب حلف برداری منسوخ کر دی گئی ہے. واضح رہے کہ یہ تقریب حلف برداری نائن الیون کو شیڈول کی گئی تھی تاہم کئی ممالک نے اس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔
اپنے ایک بیان میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بتایا کہ عبوری حکومت کے قیام کے لیے کابینہ کی حلف برداری کی تقریب اب شیڈول کا حصہ نہیں ہے، پہلے پروگرام میں تھا کہ ہم حلف برداری کی تقریب رکھیں گے، اس کے لیے ضروری تھا کہ دوسرے ممالک سے وفد مدعو کیے جائیں جب کہ پروٹوکول کے انتظامات اور عوام کے لیے سروسز کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر شپ نے فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر وزرا کا اعلان کیا جائے کیوں کہ عبوری کابینہ کا اعلان ہوچکا لہذا اب تقریب کینسل ہوچکی ہے۔
طالبان نے پانچ ممالک بشمول ایران ، ترکی ، چین ، قطر اور پاکستان کو اپنی کابینہ کی تقریب حلف برداری کے لیے کو دعوت نامے بھیجے تھے۔ روسی وزارت خارجہ نے کل انکشاف کیا کہ روس کو بھی مدعو کیا گیا تھا لیکن اس تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو کہا کہ پاکستان کو باضابطہ دعوت نہیں ملی۔
۔ طالبان ترجمان سہیل شاہین نے ٹی وی چینلز کو بتایا کہ آج حلف برداری کی کوئی تقریب شیڈول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریب کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی اور دعوت نامے بھیجنے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ ایسا کرنے کا کوئی وقت نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے پہلے ہی کام کرنے والے وزراء کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔