لاہور(پبلک نیوز)وزیراعظم کےمعاون خصوصی جمشید چیمہ کے بچوں کو زہر دینے کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا، اس معاملے میں سابق مکان مالک کی بیٹی کے ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آ یا ہے. واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ معاملہ سامنے آیا تھا جب جمشید اقبال چیمہ کے بچوں کو زہر دیئے جانے کا انکشاف ہوا تھا. اس سلسلے میں مقدمہ مسرت جمشید چیمہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا.
مسرت جمشید چیمہ نے چند ٹوئٹس میں اس معاملے کے بارے میں چشم کشا انکشافات کیے ہیں. یکے بعد دیگرے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مسرت جمشید نے بتایا کہ میرے بچوں اور فیملی کو slow poison کرنے کے حوالے سے آج کچھ حقائق سامنے آئے ہیں. پولیس نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہمارے ملازمین کو گرفتار کیا اور سامنے آیا کہ ہماری فیملی کی غیر موجودگی میں مشکوک افراد ان سے ملنے آتے تھے اور قیمتی تحائف دیے جاتے تھے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ فوٹیجز کی جانچ پڑتال کے بعد پتہ چلا کہ ہمارے گھر کے سابق مالک کی بیٹی مہناز بیگم ان ملازمین سے مسلسل رابطے میں تھی اور انہیں نقد رقوم دیتی رہتی تھی. مبینہ طور پر ہمارے گھر کے سابق مالک محمد خان کی بیٹی کا خیال تھا یہ گھر اس کو دیا جائے گا جس کی خلاف ورزی پر وہ حسد کا شکار ہوگئی. انہوں نے بتایا کہ ہمارے خانساماں کے سامان سے پولیس نے کچھ مشکوک کیمیکل بھی قبضے میں لیے جس کو خانساماں نے کھانے میں متعدد دفعہ ملانے کا انکشاف بھی کیا.
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور اس جرم کے محرکات کی تفتیش کر رہی ہے. انشاءاللہ اس جرم میں ملوث افراد کے خلاف ہر حد تک جایا جائے گا