کولمبو: ایشیا کپ سپر فور میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کےلیے 357 رنز کا ہدف دے دیا۔ آج ریزروڈے پر میچ وہی سے شروع ہوا جہاں کھل ختم ہوا تھا، شروع میں بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے پہلے محتاط بیٹنگ کی اور پھر جارحانہ بیٹنگ کی۔ ویرات کوہلی نے 94 گیندوں پر 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کے ایل راہول 106 گیندوں پر 111 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کر کے ریزرو ڈے پر منتقل کر دیا گیا تھا۔گزشتہ روز بھارت نے 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔ بھارتی کپتان روہیت شرما 56 جبکہ شبمن گل 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔