آزادکشمیر سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم کی نااہلی کی اپیل خارج کردی

آزادکشمیر سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم کی نااہلی کی اپیل خارج کردی
مظفرآباد : آزادکشمیر سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے خلاف اپیل خارج کردی ہے ۔ سابق وزیراعظم سردارتنویر الیاس کی لیگل ٹیم نے توہین عدالت کیس میں آزادکشمیر ہائی کورٹ کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کے خلاف پٹیشن سپریم کورٹ میں چیلنج کی تھی ۔ آزادکشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے سردار تنویر الیاس کے وکلا پر سخت اظہار برہمی کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اس اپیل میں سابق وزیراعظم کو موجودہ وزیراعظم کیوں لکھا ہے ؟ جب آپ کو رجسٹرار سپریم کورٹ نے یہ کہہ دیا تھا تو بات کیوں نہیں مانی گئی ؟ ۔ وکیل سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ جناب عالی اس لفظ کو سابق وزیر اعظم ہی تصور کیا جائے۔ چیف جسٹس راجہ سعید نےکہا کہ ہم کیسے اسے سابق پڑھیں، آپ سینئر وکیل ہیں ، یہ سپریم کورٹ ہے کوئی مذاق نہیں ہے ، جب تک سپریم کورٹ کی طرف سے کوئی بھی ایکشن نہیں ہوتا، ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار ہی رہے گا وہ سابق وزیر اعظم ہی تصور ہوں گے ، نئی اپیل دوبارہ جمع کروائیں دیکھیں گے اسے کب قبول کرنا ہے ۔ خیال رہےکہ گذشتہ روز سردار تنویر الیاس کو اپنی تقاریر میں دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرنے پر آزادکشمیر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی جانب سے طلب کیا گیا تھا ۔ آزادکشمیر ہائی کورٹ نے وزیراعظم آزادکشمیر تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں نااہل قرار دے دیا تھا۔عدالت نے آزادکشمیر کے وزیراعظم کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سنائی اور انہیں کسی بھی پبلک عہدے کے لیے نااہل قرار دیا، آزادکشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔ آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے سردار تنویر الیاس کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ دوسری جانب آزادکشمیر سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں تنویر الیاس کو تحریری جواب کے لیے 2 ہفتےکی مہلت دی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔