لاہور ( پبلک نیوز) صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں جہاں بھی سورج مکھی کی فصل کاشت ہوتو وہاں فی ایکٹر پانچ ہزار روپے سبسڈی دی جاتی ہے۔ اس حوالے سے طاہر پرویز نے سوال اٹھایا جس پر صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ دو ہزار اٹھارہ، انیس میں ترسیٹھ ہزار ایکٹر کے لیے اکتیس کروڑ پچاس لاکھ روپے سبسڈی دی گئی۔ دوہزار انیس بیس میں چوراسی ایکٹر کےلئے ابھی تک بتیس کروڑ پچاس لاکھ روپے سبسڈی دی۔ وزیر زراعت کی جانب سے ایوان کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ایوب ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد کو پرائیویٹائز نہیں کررہے۔ فیصل آباد کےایوب ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں اس کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ ایوب ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد میں اسی فیصد بجٹ ری سرچ پر خرچ ہوتاہے۔ ایوب ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد میں کسی قسم کی پرائیویٹائزیشن نہیں ہورہی۔ طاہر پرویز کا کہنا تھا کہ ایوب ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں گریڈ ایک سے بیس تک چار سو پینسٹھ ملازمین ضلع کونسل کے باہر سراپا احتجاج ہیں۔ نناوے فیصد بیج حکومت نے ایوب ریسرچ سے لے کر بمپر کراپ گندم حاصل کی۔ منافع بخش ادارے کو پرائیویٹ سیڈ کمپنیوں کی حوالے کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ وزیر زراعت نے کہا کہ بار بار ایوان میں کہہ رہا ہوں ایوب ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو پرائیویٹ کرنے کی کوئی تجویز زیر غور ہی نہیں۔ سپیکر نے قراردادیں اور وقفہ سوالات کے بقیہ سوالات جمعہ تک کے لیے ملتوی کر دیئے۔