پنجاب میں’کمپلسری قرآن ٹیچنگ بل‘ لاگو کر دیا گیا

پنجاب میں’کمپلسری قرآن ٹیچنگ بل‘ لاگو کر دیا گیا
لاہور ( پبلک نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ کمپلسری قرآن ٹیچنگ بل صوبہ بھر میں لاگو کر دیا گیا ہے۔ قرآن پر عمل کر کے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ جب بنیاد مضبوط ہو گی تو عمارت خود بخود بہتر اور خوبصورت ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ قرآن مجید پہلی سے چھٹی جماعت تک ناظرہ جبکہ چھٹی کے بعد میٹرک تک ترجمہ کے ساتھ پڑھایا جا ئے گا، اس قانون سے ملک کی بنیادیں مضبوط ہوں گی، ہماری ترقی کا واحد راستہ اللہ تعالیٰ کی کتاب اور سنت نبویؐ پر عمل پیرا ہونا ہے۔ چودھری پرویزالہیٰ نے ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں دی پنجاب کمپلسری ٹیچنگ آف دی ہولی قرآن (ترمیمی) ایکٹ 2021 پر پریس کا نفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کے کیفے ٹیریا میں یہ پہلی پریس کانفرنس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہولی قرآن ایکٹ منظور کر کے ہم نے ہمیشہ رہنے والا کام کیا ہے اور یہ انشاء اللہ نسل در نسل چلے گا۔ انہوں نے ہولی قرآن ایکٹ کی تجویز، تیاری اور منظوری کے تمام مراحل میں اپنا اپنا حصہ ڈالنے پر بل کے محرک رکن اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، وزیر تعلیم مراد راس، متحدہ علماء بورڈ، پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ اور اسمبلی سٹاف کا شکریہ ادا کیا اور ایکٹ کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہولی قرآن ایکٹ پر عملدرآمد کیلئے تمام سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں کو نوٹیفیکیشن کی کاپیاں بھجوادی گئی ہیں۔ ہولی قرآن ایکٹ کی اس لیے بھی ضرورت پیش آئی کہ ہمسایہ ملک ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف تحریک چلی اور بے گناہ مسلمانوں کو مارنا شروع کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں یہ ضروری تھا کہ ہم اپنے بچوں کوقرآن مجید کی تعلیم دیں اور چھٹی سے دسویں تک جماعت کے طلباء کو ترجمے کے ساتھ قرآن مجید پڑھایا جائے اور بچوں کو صحیح معنوں میں اسلام کی تعلیم دی جائے۔ سپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ ترجمے کے حوالے سے وفاق نے بڑا کام کیا ہے اس کیلئے وفاق نے اہلسنت، اہلحدیث اور شیعہ سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء کی مشاورت سے متفقہ ترجمہ لاگو کیا ہے۔ اس ایکٹ کے لاگو ہونے سے ہماری قوم کی وحدت کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔