وزیر اعظم کا 10 لاکھ طلباء کو ٹیبلٹس اور سمارٹ فونز دینے کااعلان

وزیر اعظم کا 10 لاکھ طلباء کو ٹیبلٹس اور سمارٹ فونز دینے کااعلان

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف  نے کہا ہے کہ  10 لاکھ طلباء کو ٹیبلٹس اور سمارٹ فونز دیں گے۔انہوں نے کہا کہ   ہواوے کے تعاون سے 3 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو سکالرشپ پر چین بھیجا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے   عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  آج ہم نوجوانوں کا عالمی دن منا رہے ہیں، یوم آزادی کی بھی آمد آمد ہے، اﷲ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا، اپنے لیڈر نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کی، ماضی میں صوبہ پنجاب کے نوجوانوں کی خدمت کی، اب پورے پاکستان کے نوجوانوں کا خادم بن کر خدمت کروں گا۔

 انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں، ان نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے، مصنوعی ذہانت دنیا میں سب سے جدید تعلیم کا ہتھیار ہے، چین دنیا کا دوسرا بڑا ترقی یافتہ ملک ہے، انہوں نے جدید علوم کے ذریعے ملک میں انقلاب برپا کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  اگر ہم اسی راستے پر نوجوان نسل کو وسائل فراہم کریں تو ملک میں نوجوان نسل خوشحالی کا ایسا انقلاب لائے گی جس سے یوم آزادی کے تقاضے پورے ہوں گے، ہمارے اسلاف نے پاکستان کیلئے عظیم قربانیاں دیں، قائداعظم محمد علی جناح کی عظیم لیڈرشپ میں اس خواب کی تعبیر ملی اور اب ان نوجوانوں نے اس کی تکمیل کرنی ہے، نوجوانوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ  دانش سکولوں میں پسماندہ علاقوں کے بچوں نے تعلیم حاصل کی، پاکستان کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں، 77 سال میں قرضوں کے پہاڑ بن گئے، امیر اور غریب کی زندگیوں میں بڑا فرق ہے۔

وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے 10 لاکھ طالب علموں کو میرٹ اور شفافیت پر مفت سمارٹ فون دیئے جائیں گے اور اس کے علاوہ لیپ ٹاپ بھی دیئے جائیں گے، صوبے بھی نوجوانوں کیلئے پروگرام چلا رہے ہیں، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو اعلیٰ تعلیم کیلئے چین بھیجا جائے گا، ان کا جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرنا ملکی ترقی کیلئے مددگار ہو گا، ہواوے کے ساتھ مل کر 3 لاکھ بچوں کو آئی ٹی کی تربیت دی جائے گی، ایس ایم ایز کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے۔ پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقی و خوشحالی کے منصوبے کا جلد اعلان کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام بلند کیا، 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ ملا، مایوسی کو پس پشت ڈال کر روشنیوں کی طرف جانا ہے، شبانہ روز محنت سے پاکستان عظیم بنے گا۔

Watch Live Public News