کورونا وائرس کی صورتحال، وزرات تعلیم کا اجلاس 13 جنوری کو طلب

کورونا وائرس کی صورتحال، وزرات تعلیم کا اجلاس 13 جنوری کو طلب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر بروز جمعرات مورخہ 13 جنوری کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ اہم اجلاس وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت ہوگا جس میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزارت تعلیم کے اجلاس میں نصابی کتب کی بروقت دستیابی اور ترسیل سے متعلق بھی مشاورت ہوگی۔ جبکہ نصابی کتب کے لئے این او سی کی بروقت فراہمی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ خیال رہے کہ تعلیمی اداروں کی دوبارہ بندش سے متعلق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا ایک انتہائی اہم بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وبا کے دوران ہم نے سارے فیصلے بین الصوبائی تعلیمی وزرا کی کانفرنس کے تحت کئے اور اب بھی ایسا ہی کرینگے۔ شفقت محمود نے کہا تھا کہ کورونا کے حوالے سے ہر صوبے کی صورتحال مختلف ہے۔ اگر حالات زیادہ خراب نہ ہوئے تو ہماری خواہش اور کوشش یہی ہے کہ تمام سکولز اور دیگر تعلیمی ادارے کھلے رکھیں جائیں لیکن اگر حالات زیادہ خراب ہوئے تو ہمیں انھیں بند کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق گذشتہ روز اس مہلک وائرس کی شرح پانچ ماہ بعد چار اعشاریہ سات فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ روز کورونا وائرس میں مبتلا 13 مریض جاں بحق ہو گئے۔ اموات میں حالیہ اضافے سے اس موذی مرض سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 987 تک جا پہنچی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2074 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ صوبہ پنجاب میں چار لاکھ اڑھتالیس ہزار 924، صوبہ سندھ میں چار لاکھ 90 ہزار 10، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ اکیاسی ہزار 842، صوبہ بلوچستان میں تیتیس ہزار 664، گلگت بلتستان میں دس ہزار 433، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9 ہزار چھ سو ساٹھ جبکہ آزاد کشمیر میں چونتیس ہزار 715 کیس رپورٹ ہوئے۔

Watch Live Public News