شہباز شریف کی بیٹی اور داماد اشتہاری قرار، عدالت نے وارنٹ جاری کر دیئے

شہباز شریف کی بیٹی اور داماد اشتہاری قرار، عدالت نے وارنٹ جاری کر دیئے
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی صاحبزادی اور داماد کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں سرکاری محکموں کے فنڈز کی خورد برد، ایرا اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے اس کیس میں شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ عمران اور ان کے شوہر عمران یوسف کو اشتہاری قرار دیدیا۔ احتساب عدالت نے دونوں شخصیات کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ بھی جاری کر دیئے ہیں جبکہ حکم دیا ہے کہ ان کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کو بھی ضبط کر لیا جائے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ احتساب عدالت میں رابعہ عمران اور اور ان کے خاوند عمران یوسف سمیت دیگر ملزموں کیخلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔ اس ریفرنس میں منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی سے پہلے انھیں پیش ہونے کے لئے تیس دن کی حتمی مہلت دی گئی تھی لیکن شہباز شریف کی صاحبزادی اور داماد نے اس سے فائدہ نہیں اٹھایا لہٰذا دونوں ملزموں کی گرفتاری اور عدالت پیشی تک وارنٹ گرفتاری کا حکم قائم رہے گا۔

Watch Live Public News