انقرہ موٹروے پر خوفناک حادثہ، معروف ترک فٹبالر جاں بحق

انقرہ موٹروے پر خوفناک حادثہ، معروف ترک فٹبالر جاں بحق
انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی کے مشہور فٹبالر احمد چالک ایک خوفناک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مرحوم کی عمر محض 27 سال تھی۔ وہ اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ ترک میڈیا کے مطابق احمد چالک کی گاڑی کو یہ حادثہ گذشتہ روز پیش آیا۔ وہ انقرہ موٹروے پر ڈرائیونگ کر رہے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی بے قابو ہو کر کئی فٹ دور جا گری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور احمد چالک کو بری طرح سے تباہ گاڑی میں سے نکالا۔ انھیں طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی تاہم اس سے پہلے ہی وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد چالک ان دنوں اپنی شادی کی تیاریاں کر رہے تھے اور فٹبال ٹریننگ سے چھٹی لے کر گھر جارہے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی کو موٹروے پر حادثہ پیش آگیا۔ احمد چالک کا شمار ترکی کے معروف کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے 2015ء سے 2017ء کے درمیان اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ اور 8 مرتبہ ترک فٹبال ٹیم کی جانب سے کھیلے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مختلف فٹبال کلبوں کی بھی نمائندگی کی۔ ترک فٹبال ایسوسی ایشن نے احمد چالک کی اچانک وفاقت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

Watch Live Public News