لندن ( ویب ڈیسک ) مہذب قومیں اکثر ترقی پذیر قوموں کو سپورٹس مین سپرٹ کا بھاشن دیتی نظر آتی ہیں لیکن اپنے تئیں دنیا کی مہذب ترین برطانوی قوم بھی شکست کا صدمہ برداشت نہ کر سکی ، یورو کپ فائنل میں شکست پر برطانوی شائقین سے ہار بالکل بھی برداشت نہ ہو سکی ، اٹلی کے فٹ بال مداحوں پر دھاوا بول دیا ، لڑائی ، جھگڑے اور ہلڑ بازی کے مختلف واقعات میں کئی فٹ بال شائقین زخمی جبکہ تقریباً 50 افراد کو مار پیٹ پر گرفتار کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق یورو کپ میں اٹلی کے ہاتھوں شکست کو برطانوی عوام نے بہت عجیب طرح سے ڈیل کیا ، برطانیہ بھر کی سڑکوں پر سناٹا چھا گیا ، کچھ لوگ گھروں میں قید ہو گئے ، درجنوں شائقین نے اپنی مہنگی ٹی وی سکرینیں توڑ دی ، کئی افراد تو سڑکوں پر روتے ہوئے نظر آئے ۔ کچھ شائقین نے میچ ختم ہونے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اطالوی شائقین کو نشانہ بنا لیا، انہیں جہاں بھی کوئی اطالوی شائق چہرے پر خوشی کے تاثرات سجائے نظر آیا انہوں نے اس کو لاتوں اور ٹھڈوں پر رکھ لیا۔ برطانوی شائقین کی طرف سے تشدد اور مارپیٹ کے مختلف واقعات میں کئی اطالوی شائقین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 50 سے زائد شائقین کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔اس سے قبل ویمبلے سٹیڈیم میں یورو کپ کے فائنل سے پہلے بدنظمی دیکھنے میں آئی، کئی شائقین نے کوشش کی کہ وہ ٹکٹ کے بغیر رکاوٹیں پھلانگ کر سٹیڈیم میں داخل ہو کر میچ دیکھ لیں ، ان میں سے کچھ کو وقتی کامیابی بھی ہوئی مگر انہیں جلد ہی انتظامیہ کی طرف سے باہر نکال لیا گیا۔