ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان شامل ہے،آئی ایم ایف نے تصدیق کر دی

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان شامل ہے،آئی ایم ایف نے تصدیق کر دی
اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے 12 جولائی اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان کے شامل ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ گذشتہ روز طے پایا تھا اور آئی ایم ایف نے اب فنانسنگ فرق کے پلان کی منظوری بھی دیدی ہے اس طرح سے آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ سے پہلے ہی ایک اور شرط پوری ہوگی ہے۔ آئی ایم ایف نے 12 جولائی (آج) اجلاس ایجنڈے میں پاکستان کے شامل ہونے کی تصدیق بھی کردی ہے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا منصوبہ بھی مان لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک، چین،آئی ایم ایف، عالمی بینک، سعودیہ اور یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی جبکہ رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر اور یو اے ای سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالرکی فنانسنگ اور عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالرکی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔ وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر قرض معاہدے کے تحت حاصل کیے جائیں گے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 9 ماہ کیلئے3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کےلیے 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔