اسلام آباد(پبلک نیوز) چیئرمین سینیٹ کے لیے ہونے والے انتخاب میں حکومتی جماعت تحریک انصاف کے امیدوار صادق سنجرانی نے پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی کو شکست دے دی ہے. حکومتی امیدوار مرزاآفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے۔
چیئرمین سینیٹ کی نشست کے لیے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی نے 48 ووٹ حاصل کئے جبکہ اس کے مقابلے میں یوسف رضا گیلانی نے 42ووٹ حاصل کر سکے. پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے سات ووٹ مسترد ہوئے۔ نتائج کا اعلان پریزائیڈنگ آفیسر مظفر حسین شاہ نے کیا۔ ووٹنگ کے دوران ایوان میں 98 سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ کیا۔ ساتوں ووٹ غلط مہروں کی وجہ سے مسترد ہوئے۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
چیئرمین سینیٹ کے بعد ڈپٹی چیئرمین کا معرکہ بھی حکومت کے نام رہا۔ حکومتی امیدوار مرزاآفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے۔ حکومتی امیدوار مرزاآفریدی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےعہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کے لیے 98ووٹ کاسٹ ہوئے۔ کاسٹ کیےگئےووٹوں میں سے کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔ حکومتی امیدوار مرزا محمد آفریدی نے 54ووٹ حاصل کیے۔ پی ڈی ایم امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری نے 44ووٹ حاصل کیے۔
یہ بھی پڑھیں:
چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر صادق سنجرانی کیلئے مبارکبادیں
بعدازں نومنتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا. ان سے پریزائیڈنگ آفیسر مظفر حسین شاہ نے حلف لیا.
صادق سنجرانی کی جیت کے اعلان کے ساتھ ہی حکومتی ارکان نے نعرے بازی شروع کر دی اور نومنتخب چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے لیے آج صبح سے ہی ایوان میں گہما گہمی دیکھی گئی۔ اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی تو 48 نومنتخب سینیٹرز نے حلف لیا گیا۔ اجلاس کے آغاز سے قبل اپوزیشن نے پولنگ بوتھ پر مبینہ خفیہ کیمرے لگائے جانے پر احتجاج بھی کیا۔