ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری دوسری مرتبہ پاکستان کے 14 ویں صدر بن چکے ہیں، اب صدر مملکت کےتنخواہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے خبریں گردش کررہی ہیں تو اس حوالے سے ایوان صدر کی جانب سے اہم اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کودرپیش معاشی چیلنجز کے پیش نظر تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، ایوان صدر کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ صدر آصف زرداری کےفیصلے کا مقصد دانشمندانہ مالیاتی انتظام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز صدرارت کا منصب سنبھالنے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں پاکستان کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔آصف زرداری روایتی انداز میں صدارتی بگھی میں سوار ہو کر ایوان صدر پہنچے جہاں مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
یاد رہے کہ آصف علی زرداری واحد سویلین ہیں جو دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں، انہوں نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے، ان کے مدِ مقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 180 الیکٹورل ووٹ ملے تھے۔