'ہمارا واحد مطالبہ صاف اور منصفانہ انتخابات ہیں'

'ہمارا واحد مطالبہ صاف اور منصفانہ انتخابات ہیں'
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا واحد مطالبہ صاف اور منصفانہ انتخابات ہیں، ملکی تقدیر کے فیصلے ملک سے باہر ہو رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4،5 دن سے وزیر اعظم ملک سے باہر گیا ہوا ہے ، ملکی تقدیر کے فیصلے ملک سے باہر بیٹھ کر کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں نواز شریف کے بیٹے بھاگ کر باہر گئے۔ نواز شریف کے بیٹوں نے لندن میں جو اربوں کی پراپرٹی خریدی وہ پیسے کہاں سے آئے ؟۔ ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار این آر او کے بعد ملک واپس آیا اور شہباز شریف کا بیٹا سلمان شہباز بھی کرپشن کرنے کے بعد ملک سے باہر بھاگا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے ڈیلی میل پر کیس کیا اور برطانیہ کی عدالتوں نے شہباز شریف کو جواب جمع کرانے کے لیے طلب کیا ہے۔ جب تک ملک میں انصاف نہیں ہو گا معاشرہ آزاد نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں قانون تحفظ نہ دے اس میں بزنس نہیں کیا جاسکتا۔ یہ باہر بیٹھے پاکستانیوں کو تو کہتے ہیں لیکن اپنا پیسہ واپس نہیں لاتے۔ یہ پیسے کا جواب نہیں دے پاتے کیونکہ پیسہ چوری کا ہے اور آصف زرداری بھی ملک کا پیسہ اسی طرح چوری کرتا ہے۔ جب این آر او ملتا ہے تو واپس پاکستان آتے ہیں اور پھر ملک کو لوٹتے ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔