لاہور: (ویب ڈیسک) سردیوں میں اگر آپ مولی کے پتوں سے تیار کردہ جوس باقاعدگی سے پیتے ہیں تو یہ آپ کو کئی بیماریوں میں فائدہ دے گا۔ مولی کے پتوں میں پروٹین، کاربوہائیڈریٹ، کلورین، سوڈیم، آئرن، میگنیشیم کے ساتھ وٹامن اے، وٹامن بی اور وٹامن سی جیسے غذائی اجزاء ہوتے ہیں۔ ان پتوں میں موجود خصوصیات آپ کو سردیوں میں صحت کے بہت سے مسائل سے بچائے گی۔ جانیے کہ آپ مولی کے پتوں کا جوس کیسے تیار کر سکتے ہیں- اس کیلئے مولی کے تازہ پتے لے کر انھیں صاف پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔ اب پتوں کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر مکسچر میں پیس لیں۔ اس میں کالا نمک، ایک چٹکی کالی مرچ پاؤڈر اور لیموں کا رس شامل کریں۔ آپ اس جوس کو ہر صبح پی سکتے ہیں۔ یہ فائبر سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ مناسب ہاضمے کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ اگر نظام ہاضمہ کمزور ہو تو مولی کے پتوں کا رس باقاعدگی سے پینے سے فائدہ ہوگا۔ اگر آپ بڑھتے وزن سے پریشان ہیں تو مولی کے پتوں کے رس کا استعمال بھی آپ کو فائدہ دے گا۔ اس سے وزن کم کرنے میں مدد ملے گی۔ کم بلڈ پریشر کے مسئلے میں بھی مولی کے پتوں سے تیار کردہ جوس آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ مولی کے پتوں میں موجود سوڈیم کی مقدار بھی آپ کو فائدہ دے گی۔ یہ جسم میں نمک کی کمی کو دور کرتا ہے۔