بلاول بھٹو نے ن لیگ ، پی ٹی آئی کی کئی وکٹیں اڑا دیں

بلاول بھٹو نے ن لیگ ، پی ٹی آئی کی کئی وکٹیں اڑا دیں
پبلک نیوز: پنجاب سے تعلق رکھنے والی 180 سے زائد سیاسی شخصیات نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔لاہور میں بلاول بھٹو زرداری نے مختلف جماعتوں سے پی پی میں شمولیت کرنے والی سیاسی شخصیات اور رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں پی ٹی آئی، ن لیگ، جماعت اسلامی، ق لیگ، جے یو آئی، مختلف برادریوں اور آزاد حیثیت میں سیاست کرنے والی 180 سے زائد شخصیات شامل تھیں جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے شمولیت اختیار کرنے والی 180 سے سیاسی شخصیات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جس گھر پر پی پی کا پرچم لہرایا گیا وہاں دوبارہ پی پی کا جھنڈا لہرائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مختلف جماعتوں سے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کو مبارک باد دینے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی، پنجاب کے اس دل شہرلاہور کو ہم نے جیتنا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے ماضی میں پنجاب کے عوام کو روزگار دیا، رہائشی اسکیموں کے ذریعے گھر دئیے۔ انہوں نے کہاکہ جب میں پنجاب کی ہر تحصیل میں جائوں گا تو سیاسی حریفوں کو پتہ لگ جائے گا کہ سیاست تو پاکستان پیپلزپارٹی کرتی ہے،ماضی میں جس گھر پر پی پی پی کا پرچم لہرایا، اس پرچم کو دوبارہ اس گھر پر لہرائیں گے، جس نے کبھی بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگایا، اس کو اپنے ساتھ ملائیں گے، آج بھی روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ اتنے ہی معنی رکھتا ہے کہ جتنا 70 کی دہائی میں اہم تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے کہ جو پنجاب کے عوام کو روزگار دے سکتی ہے۔ ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں، ہمارا مسئلہ عوام کے بنیادی حقوق ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کرنے کے لئے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لئے سیاست کرتی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔