ترکیہ، شام زلزلہ: الخدمت فاؤنڈیشن کا متاثرین کیلئے 50 کروڑ روپے سے امدادی پیکج کا اعلان

ترکیہ، شام زلزلہ: الخدمت فاؤنڈیشن کا متاثرین کیلئے 50 کروڑ روپے سے امدادی پیکج کا اعلان
لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 50 کروڑ روپے سے امدادی پیکج کا اعلان کر دیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کی ترکیہ اور شام میں زلزلے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔ ترکیہ اور شام میں زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں الخدمت فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، الخدمت گلوبل کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہد اقبال اور سینیئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی نے شرکت کی۔ سید وقاص جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کےلیے ’’قرض بھی۔۔۔ فرض بھی‘‘ مہم کا آغاز کر دیا گیاہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین اور مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کےلیے 50 کروڑ روپے سے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ جس میں 6200 خیمے، 25000 کمبل، 10000 ٹرپولین شیٹس اور 300 ٹن کھانے پینے کا سامان ترکیہ اور شام روانہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت زلزلے کے فورا بعد سے ترکیہ اور شام میں پارٹنر تنظیموں کی مدد سے پکے پکائے کھانے، فوڈ پیکج ،گرم کپڑوں، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی فراہمی جاری ہے۔ ترکیہ اور شام ہمارے برادر اسلامی ممالک اور دونوں ممالک سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں۔ پاکستان میں جب کبھی ضرورت محسوس ہوئی ترکیہ کے بہن بھائیوں نے دل کھول کر مدد کی اب ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں انکا ساتھ دیں۔ الخدمت گلوبل کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد اقبال نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبد الشکور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ترکی اور شام کے دورے پر ہیں اور وہاں ترک حکومت، رفاعی اداروں، پاکستانی طلبہ اور بزنس کمیونٹی کے ہمراہ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ وزارت داخلہ ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ (اے ایف اے ڈی) کی خواہش پر الخدمت کے رضاکاروں کی 47 رکنی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں موجود ہے جسے اے ایف اے ڈی نے پاک 10 کا نام دیا ہے۔ یہ ٹیم ملبے میں انسانوں کی تلاش کے جدید آلات سے لیس ہے اور یہ اقدام اسلام آباد میں جمہوریہ ترکی کے سفارت خانے اور ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ( ٹیکا) پاکستان کے مشورے اور تعاون سے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الخدمت رضاکاروں کی 3 ٹیمیں فیلڈ میں موجود 2 شفٹوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں اور الخدمت کے رضاکار آڈیو سرچ کیمرہ، ہائیڈرالک کمبل ٹول، چینسا ڈی کٹ، چیپنگ ہامر، اینگل گرینڈر، گیس ڈیٹیکٹر، سپائن بورڈ، چیسٹ ایکسٹریکشن ڈیوائس اور فولڈنگ سٹریچر آرمی جیسے جدید آلات سے لیس ہیں۔ اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرسنل ریسکیو ایمرجینسی ٹول کٹ میں ریسکیو بیگ، وارم کوٹ، جرابیں، دستانے، اونی ٹوپیاں، تھرمل ویسٹ، ہینڈ ہیلڈ ٹارچ، میگا فونز اور بیٹریز، بولٹ کٹرز، لائف لائن روپ اور ڈیڈ باڈی بیگس جیسا دیگر سامان بھی رضاکاروں کی کٹ میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلند و بالا عمارتیں زمیں بوس ہو چکی ہیں لیکن اپنے پیاروں کی زندگی کی امید میں الخدمت فاونڈیشن کی ریسکیو ٹیم پاک آرمی اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر موسم کی مشکلات کو پسِ پشت ڈال کے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔ سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے کہا کہ خوراک اور شیلٹر کے ساتھ اِس وقت زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر میڈیکل ریلیف آپریشن کی ضرورت ہے۔ الخدمت نے ابتدائی طور پر ترک نژاد پاکستانی ڈاکٹرز کی مدد سے ترکیہ اور شام میں میڈیکل کیمپس کیے ہیں جبکہ مزید سات رکنی میڈیکل ٹیم بھی ترکیہ روانہ کی جا رہی ہے جس میں آرتھو پیڈک سرجن، جنرل سرجن، انیتھیزیا اسپیشلسٹ اور دیگر عملہ شامل ہیں۔ میڈیکل ٹیم اپنے ساتھ ضروری سامان اور ادویات بھی لے کر جا رہی ہے جو ضرورت کے مطابق زلزلے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل آپریشن جاری رکھے گی۔ سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں ترک سفارت خانے، ترک رفاعی اداروں سے رابطے میں ہےاور ترکیہ اور شام کےزلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد جاری رکھے ہوئے ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔