اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کو سانحہ مری کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس بلا کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک شہری حماد عباسی کی جانب سے سانحہ مری کے ذمہ داروں کیخلاف تحقیقات کیلئے درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ خطرات کے باوجود کسی نے سیاحوں کو مری جانے سے نہیں روکا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ کو حکم دیا کہ وہ روسٹرم پر آکر این ڈی ایم اے سے متعلقہ قوانین پڑھیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اتنی بڑی باڈی ہے جس میں اپوزیشن کے اراکین تک موجود ہیں، کیا قدرتی آفات سے نمٹنے کی پلاننگ کیلئے اس کا اجلاس کبھی مدعو کیا گیا ہے؟ اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے معزز عدالت سے کہا کہ میں ہدایات لے کر ہی اس حوالے سے آپ کو آگاہ کر سکتا ہوں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے سانحہ مری میں 22 شہریوں کی اموات کا ذمہ دار کون ہے؟ قانون کے تحت تو این ڈی ایم اے کسی بھی سانحہ سے نمٹنے کی تیاری اور رسپانس کا ذمہ دار ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا افسر اپنے ادارے کی جانب سے عدالت میں پیش ہوا۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دئیے کہ کل خدا نخواستہ زلزلہ آئے تو آپ کی جانب سے یہی کہا جائے گا کہ یہ بھی ہماری ذمہ داری نہیں ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی آج تک کبھی میٹنگ ہوئی ہے؟ ممبر این ڈی ایم اے نے عدالت کو بتایا کہ 21 فروری 2013ء اور اس کے بعد دوسری میٹنگ 28 مارچ 2018ء کو ہوئی تھی۔ اس پر چیف جسٹس نے ممبر این ڈی ایم اے سے کہا کہ آپ کی ذمہ داری تھی کہ میٹنگ بلاتے، اس علاقے کے لیے نیشنل مینجمنٹ پلان دیتے۔ آپ اس معاملے میں ناکام ہوئے ہیں۔ آپ کی اتھارٹی نے ہی قانون پر عمل کرانا تھا،کسی اور پر الزام نہ لگائیں۔ اگر قانون پر عمل ہوا ہوتا تو ایک شہری کی بھی ہلاکت نہ ہوتی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے حکم دیا کہ این ڈی ایم اے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرائے۔ آئندہ جمعے تک رپورٹ جمع ہونی چاہیے۔ یہ بہت اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے آئندہ ہفتے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کا اجلاس بلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اجلاس بلا کر ذمہ داروں کا تعین کریں۔