بغداد ( ویب ڈیسک ) عراق کے شہر ناصریہ کے سرکاری ہسپتال میں کورونا وارڈ میں آگ لگنے سے 54 کورونا مریض جاں بحق ، الحسین ہسپتال سے مریضوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کئی کورونا کے مریض سے حادثہ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عراق کے شہر ناصریہ کے دھی قار گورنری کے علاقہ میں قائم سرکاری الحسین ہسپتال کے کورونا وارڈ میں آگ لگنے سےاب تک 54 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں، درجنوں زخمیوں میں سے متعدد کی حالت نازک ہے اور اموات کے بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، ہلاک ہونے والے میں دو ریسکیور ورکرز بھی شامل ہیں۔ عراق کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے ، بہت سے مریض ابھی تک عمارت سے نکالے جانے کے منتظر ہیں، شہری دفاع کی ٹیمیں ہسپتال کے کورونا وارڈ سے مریضوں کو نکالنے اور آگ بجھانے میں مصروف ہیں، بہت سے مریض بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے۔ عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے ایک ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے اور طبی امداد سمیت حادثے کی وجوہات بارے رپورٹ طلب کر لی ہے، عراقی وزیر اعظم نے ہدایات جاری کی ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے اور ہلاک شدگان کے ورثا کو تمام معلومات بروقت فراہم کی جائیں۔