ویب ڈیسک: آن لائن منگوائی گئی آئس کریم سے کٹی ہوئی انسانی انگلی برآمد ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ممبئی میں ایک خاتون نے آن لائن آئس کریم کا آرڈر دیا تھا، جس کے اندر سے ایک کٹی ہوئی انسانی انگلی نکلی ہے۔ پولیس نے اسے فارنسک سائنس لیبارٹری میں بھیج دیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
کھانوں کے اندر سے چھپکلی، کاکروچ اور کیڑے مکوڑوں کے ملنے کی خبریں تو وقتاً فوقتاً آتی رہتی ہیں مگر اب انسانی اعضا کے ملنے کی بھی خبر آگئی ہے۔ یہ خبر ممبئی سے ہے جہاں ایک خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ آئس کریم کے اندر سے کٹی ہوئی انسانی انگلی نکلی ہے۔ اس خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے آن لائن آئس کریم آرڈر کیا تھا۔ خاتون نے اس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
یہ واقعہ ممبئی کے ملاڈ علاقے کا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے اسے انسانی عضو قرار دیتے ہوئے فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کو مزید جانچ کے لیے بھیج دیا ہے۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس نے آدھی سے زیادہ آئس کریم کھا لی تھی لیکن جیسے ہی اسے احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے تو اس نے غور سے دیکھا اور اسے آئس کریم میں ایک کٹی ہوئی انسانی انگلی نظر آئی۔ جس کے بعد وہ خاتون پولیس ملاڈ پولیس اسٹیشن پہنچی۔ ملاڈ پولیس نے آئس کریم کمپنی کے خلاف معاملہ درج کرتے ہوئے اس کے اندر سے ملے انسانی عضو کو ایف ایس ایل میں بھیج دیا ہے۔
اس خاتون کا نام اورلیم برینڈن سیراؤ (27) ہے اور پیشے سے ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز ایک آن لائن ڈیلیوری ایپ کے ذریعے انہوں نے آئس کریم کون کا آرڈر دیا۔ میں آئس کریم کھانے لگی تو مجھے کچھ غلط کا احساس ہوا۔ خاتون نے بتایا کہ آئس کریم کے اندر تقریباً 2 سینٹی میٹر لمبا انسانی انگلی کا ٹکڑا تھا۔اس معاملے میں ملاڈ پولیس کا کہنا ہے کہ ہم اس کی جانچ کر رہے ہیں اور جس جگہ پر آئس کریم بنائی اور پیک کی گئی تھی اس کی بھی تلاشی لی جائے گی۔