آن لائن سروس ''اوبر'' نے صارف کو رکشہ کرائے کا بل 7 کروڑ روپے بھیج دیا

آن لائن سروس ''اوبر'' نے صارف کو رکشہ کرائے کا بل 7 کروڑ روپے بھیج دیا
کیپشن: Online service "Uber" sent a rickshaw fare bill to a user for Rs 7 crore

ویب ڈیسک: انڈیا میں ایک شخص کے ساتھ انوکھا واقعہ پیش آیا ہے۔ جہاں اُوبر رائیڈ بک کرنے کے بعد اس کا کرایہ 7 کروڑ انڈین روپے بن گیا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ نوئیڈا میں دیپک ٹینگُوریا نامی ایک صحافی کے ساتھ پیش آیا۔ جنہوں نے اُوبر ایپ کے ذریعے آٹو رکشہ بُک کروایا جس کا کرایہ صرف 62 روپے بنتا تھا تاہم جب رائیڈ ختم ہوئی تو کرایہ 7 کروڑ 66 لاکھ انڈین روپے بن گیا۔

رکشے کا کرایہ کروڑوں روپے میں دیکھ کر دیپک ٹینگُوریا اور اُن کے دوست چکرا گئے۔

میڈیا کمپنی ’للن ٹوپ‘ کے صحافی اور دیپک ٹینگُوریا کے دوست آشیش مشرا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کی جس میں دونوں دوست اس ہوشربا کرائے پر حیرت میں دکھائی دے رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دیپک کا کرایہ 1 کروڑ 67 لاکھ روپے بنا جبکہ اس کے ساتھ 5 کروڑ 99 لاکھ روپے کا ویٹنگ ٹائم بھی کرائے میں شامل ہوگیا۔

یہاں حیرت انگیز طور پر دیپک کو 75 روپے کا پروموشنل ڈسکاؤنٹ مل گیا اور اس کروڑوں روپے کے کرائے سے 75 روپے کم ہوگئے۔

آشیش مشرا نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آج صبح اُوبر انڈیا  نے دیپک ٹینگٗوریا کو اتنا امیر بنا دیا کہ وہ اوبر کی اگلی فرنچائز خریدنے کا سوچ سکتے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ یہ ٹِرپ ابھی تک منسوخ نہیں کی گئی۔ آٹو ( رکشہ) کی 62 روپے کی بکنگ کروانے پر اچانک سے کروڑ پتی بن گئے۔‘

اس واقعہ پر اُوبر انڈیا نے معذرت کرلی ہے اور معاملے کی تفتیش کی یقین دہانی کروائی ہے۔

خیال رہے کہ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ آیا یہ واقعہ اُوبر ایپ میں تکنیکی خرابی یا کسی اور وجہ کے پیش آیا ہے۔

Watch Live Public News