وزیر اعظم   سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا  کی ملاقات،نئے چیف  سیکرٹری کی تقرری کا مطالبہ

وزیر اعظم   سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا  کی ملاقات،نئے چیف  سیکرٹری کی تقرری کا مطالبہ
کیپشن: "ہیلنگ ٹچ"یا جنگ؟فیصلہ گنڈاپور،شہبازملاقات میں

ویب ڈیسک : وزیر اعظم شہباز شریف   سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور  نے ملاقات کی اور  نئے چیف  سیکرٹری کی تقرری کا مطالبہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلی   علی امین گنڈاپور نے ملاقات کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ  ملاقات میں دونوں جانب سے مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا،  وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خوشگوار موڈ میں علی امین گنڈا پور کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق  وزیراعلی خیبر پختون خواہ علی امین گنڈا پور نے خیبر پختون خواہ میں نئے چیف سیکرٹری کی تقرری کا مطالبہ کردیا۔علی امین گنڈا پور  نے شہاب علی شاہ کی بطور چیف سیکرٹری تعیناتی کا مطالبہ   کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ  وزیراعلی خیبر پختونخواہ  نے  وزیراعظم سے دوسرے صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کو بھی فنڈذ دینے کا مطالبہ کیا۔ علی امین گنڈا پور نے صوبے کے 1500 ارب روپے کے جو واجبات ہیں ان کو بھی کلیئر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

خیال رہے کہ  وزیر اعظم شہباز شریف کی اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی صوبے کے وزیراعلیٰ سے یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے گوادر کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر صوبائی وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ان کا استقبال کیا تھا لیکن یہ کوئی باضابطہ ملاقات نہیں تھی۔

یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب سیاسی طور پر ایک دوسرے کی شدید ترین مخالف جماعتوں کی حکومتوں کے درمیان خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری کی تعیناتی کے معاملے پر پہلا تنازع شروع ہو چکا ہے۔


صوبائی حکومت نے موجودہ چیف سیکرٹری کو تبدیل کرتے ہوئے شہاب علی شاہ کی تعیناتی کی درخواست کی ہے جس کے جواب میں وفاقی حکومت نے ایک نام کے بجائے تین ناموں کا پینل بھجوانے کی ہدایت کی تھی۔


وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کی جانب سے وفاقی حکومت کو ارسال خط میں کہا گیا تھا کہ گریڈ 21 کے موجودہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کو تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ گریڈ 21 کے شہاب علی شاہ کو تعینات کیا جائے جو اس وقت صوبہ بلوچستان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ 


اس خط کے جواب میں وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو قانون کے مطابق تین ناموں کا پینل ارسال کرنے کی ہدایت کر دی ہے جن میں سے کسی بھی ایک نام کو وزیر اعظم پاکستان تجویز کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں چیف سیکرٹری تعینات کریں گے۔


ندیم اسلم چوہدری کو وفاقی حکومت نے مارچ 2023 میں خیبر پختونخوا کا چیف سیکرٹری تعینات کیا تھا۔


صوبائی حکومت کی جانب سے مجوزہ شہاب علی شاہ اس سے قبل خیبر پختونخوا میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے عہدے پر طویل عرصے تک کام کر چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے بیشتر ترقیاتی منصوبوں کے نگران رہے ہیں۔