قومی فاسٹ باؤلر حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو نے پاکستانیوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے کی افواہوں کی تردید کر دی . اپنی انسٹاگرام سٹوری میں حسن علی کی اہلیہ نے اس حوالے سے جاری ہونے والی ٹوئٹس کو جعلی قرار دیا . انہوں نے اپنے نام سے منسوب جعلی ٹوئٹر اکاونٹ کو رپورٹ کرنے کی درخواست بھی کی. واضح رہے کہ سیمی فائنل میچ میں اہم کیچ ڈراپ کرنے پر حسن علی پر کڑی تنقید کی گئی ، کئی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں میچ ہارنے کا ذمہ دار بھی قرار دیا . تاہم قومی ٹیم کی منیجمنٹ کی جانب سے حسن علی کی بھرپور سپورٹ کی گئی ہے. اس حوالے سے انکے ساتھی کرکٹرز نے بھی انکی حمایت میں بیان دیئے ہیں. حسن علی کی اہلیہ کے نام سے منسوب ٹوئٹر پیغامات میں کہا گیا کہ پاکستانیوں کی جانب سے ان کو دھمکیاں مل رہی ہیں اور انہیں انڈین ایجنٹ کہا جا رہا ہے. مزید کہا گیا کہ ان کی بیٹی کے حوالے سے بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، انہیں اعلیٰ حکام کی جانب سے تحفظ فراہم کیا جائے. تاہم حسن علی کی اہلیہ جانب سے جاری ہونے والی انسٹاگرام سٹوری میں ان خبروںکی تردید کی گئی ہے. سامعہ نے مذکورہ ٹوئٹر اکاونٹ کو جعلی قرار دیتے ہوئے اسے فوری رپورٹ کرنے کا کہا ہے. انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانیوں کی جانب سے دھمکیاں نہیں بلکہ حمایت مل رہی ہے. ان کا کہنا تھا کہ میرا ٹوئٹر پر کوئی اکاونٹ نہیں ہے اور یہ کہ ایسی خبروں پر یقین نہ کیا جائے.