باجوڑ: (ویب ڈیسک) راغگان ڈیم کے نزدیک آئی ای ڈی کے دھماکے میں راغگان ڈیم پر تعینات خیبر پختونخوا پولیس کے دو اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ آج صبح تقریباً ساڑھے 10 بجے پیش آیا۔ شہید ہونے والے اہلکاروں میں ایک حوالدار اور سپاہی شامل ہیں۔ دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچیں اور شہدا کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ صورتحال کے پیش نظر موقع پر اضافی چوکی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ اس سے قبل 21 اکتوبر کو ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے میں ایف سی اور پولیس کے چار اہلکاروں کو شہید کر دیا گیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز علاقے میں سرچ آپریشن کر رہی تھیں کہ اچانک یہ آئی ای ڈی دھماکا ہو گیا۔ اس دہشتگردی کے واقعہ میں ایف سی کے 28 سالہ لانس نائیک مدثر اور 26 سالہ سپاہی جمشید شہید ہوئے جن کا تعلق کوہاٹ اور کراچی سے تھا۔ دھماکے میں دو پولیس کانسٹیبل عبدالصمد اور نور رحمٰن بھی شہید ہوئے تھے۔