لاہور ( پبلک نیوز) شہری سے رشوت لینے کا معاملہ، 6 اہلکار معطل کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری نے اے ایس آئی سمیت 6اہلکار معطل کر دیئے۔ معطل ہونے والوں میں اے ایس آئی اعجاز، ہیڈ کانسٹیبل اویس، کانسٹیبل جاوید کے علاوہ کانسٹیبل حسنین، کانسٹیبل حمید الرحمٰن اور کانسٹیبل ہدایت بھی شامل ہیں۔ پولیس اہلکاروں کے خلاف تھانہ رائیونڈ سٹی میں مقدمہ درج کرتے ہوئے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ شہری نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنی شکایت کی تھی۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اہلکاروں کو انکوائری میں قصور وار ثابت ہونے پر معطل کیا گیا۔ سہیل چودھری نے معاملہ پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔ ایس پی صدر اور اے ایس پی رائیونڈ سرکل نے اہلکاروں کی انکوائری کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس کوبدنام کرنے والے اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ رشوت ستانی، اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں۔