خلیجی ممالک کی کرنسی دنیا کے دیگر ممالک سے آج بھی کئی گنا طاقتور سمجھی جاتی ہے۔ یہاں پر آسائشات اور زندگی کی رنگنیوں سے متعلق بھی سبھی یہ گماں کرتے ہیں کہ دنیا میں دوسری کسی جگہ نہیں مل سکتی۔ مگر خلیجی ممالک میں نوجوانوں کے لیے کون سا ملک بہترین ہے۔ اس حوالے سے گلوبل یوتھ ڈیولپمنٹ انڈیکس 2021 کی رپورٹ سامنے آ چکی ہے جس میں کویت کو نوجوانوں کے لیے بہترین خلیجی ملک قرار دیا گیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دولت مشترکہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کویت کو عرب دنیا میں پہلی پوزیشن مل چکی ہے جبکہ عالمی سطح پر 27ویں پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔ کویت کے بعد قطر کو دوسری پوزیشن حاصل ہے جبکہ عالمی سطح پر 32ویں۔ تیسرا نمبر بحرین کے پاس ہے جو عالمی سطح پر 47ویں نمبر ہے۔ چوتھے نمبر پر عمان ہے جو عالمی سطح پر 52ویں پوزیشن حاصل کر چکا ہے۔ متحدہ عرب امارات کو عرب دنیا میں پانچواں جبکہ عالمی سطح پر پر 56واں نمبر دیا گیا ہے۔ سعودی عرب عالمی سطح پر 57ویں نمبر پر ہے جبکہ خلیجی ممالک میں چھٹا نمبر ہے۔ خیال رہے کہ کویت کو نوجوانوں کی ترقی کے اعتبار سے سب سے جاپان، فرانس اور آسٹریلیا کے ساتھ بلند درجہ بندی کے زمرہ میں شامل کیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر انڈیکس میں سنگاپور پہلی بار سر فہرست آ گیا ہے۔ سلووینیا دوسرے، ناروے تیسرے، مالٹا چوتھے اور ڈنمارک پانچویں نمبر پر ہیں۔ انڈیکس میں چاڈ، وسطی افریقی جمہوریہ، جنوبی سوڈان، افغانستان اور نائیجریا آخری نمبروں پر ہیں۔ خیال رہے کہ انڈیکس 27 ذیلی اشاریوں پر مشتمل ہوتا ہے۔