اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مایوسی نہ پھیلائیں لوگوں کو امید دیں، یقین دلاتا ہوں پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں۔ ایوان صدر میں نگران وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی ۔ اس دوران آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستان کے آئندہ حالات کے بارے میں بہت پرامید ہیں،ہم پاکستان کو بہت آگے دیکھ رہے ہیں ، پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے ۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں اللہ کا دیا سب کچھ ہے ، اچھے کی امید ہے اچھا ہی ہوگا مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یقین دلاتا ہوں پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں، مایوسی نہ پھیلائیں لوگوں کو امید دیں۔