عوام کیلئے خوشخبری، پیٹرول سستا ہونے کا امکان

عوام کیلئے خوشخبری، پیٹرول سستا ہونے کا امکان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم کرنے کا سوچ رہی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں لگ بھگ گیارہ روپے تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ کمی 16 دسمبر سے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ڈیزل آئل کی قیمت میں فی لیٹر 9 روپے کمی تک کمی ہو سکتی ہے۔ خیال رہے بین الاقوامی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت ٹیکس کی شرح زیادہ یا کم کرنے کے بعد تیل کی قیمتوں کا حتمی تعین کریگی۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ وفاقی حکومت نے 30 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے برقرار رکھا تھا۔ وزرات خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر میں پیٹرول کی قیمت برقرار رہے گی۔ پاکستان میں اس وقت پیٹرول فی لیٹر 145 روپے بیاسی پیسے جبکہ ڈیزل فی لیٹر 142 روپے باسٹھ پیسے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔ لائٹ ڈیزل اس وقت 114 روپے سات پیسے جبکہ مٹی کآ تیل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News