ایلون مسک کا پہلے سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ختم کرنے کا اعلان

ایلون مسک کا پہلے سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ختم کرنے کا اعلان
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ پہلے سے مفت میں بلیو ٹک حاصل کرنے والے تمام اکاؤنٹس سے آئندہ چند ماہ کے دوران ان کا بلیو ٹک ختم کردیا جائے گا۔ ٹوئٹر پر ان اکاؤنٹس کو بلیو ٹک مارک دیا جاتا ہے کہ جن کی پلیٹ فارم تصدیق کرتا ہے ۔بلیو ٹک کے حصول کیلئے پہلے ٹوئٹر کو درخواست دینا پڑتی تھی جس پر ٹوئٹر تصدیق کے لیے کچھ چیزیں مانگتا تھا، اس کے بعد فالوورز کی تعداد کو دیکھے بغیر اکاؤنٹس کی تصدیق کرکے انہیں بلیو ٹک فراہم کردیا جاتا تھا ۔ تاہم ایلون مسک نے اب اس طریقے کو تبدیل کر دیا ہے اور پیسوں کے عوض بلیو ٹک دینے کی سروس کو متعارف کروادیا ہے جو کہ تیزی سے دنیا کے مختلف ممالک میں شروع کیا جا رہا ہے۔ ٹوئٹر بلیو نامی مذکورہ سروس کے تحت عام صارفین کو ماہانہ 8 ڈالر فیس کے عوض بلیو ٹک فراہم کیا جائے گا جب کہ ایپل کی ڈیوائسز پر ٹوئٹر کو استعمال کرنے والے صارفین کو ماہانہ 11 ڈالر ادا کرنے پڑیں گے۔ اسی فیچر کے ساتھ ہی ٹوئٹر پر اب کاروباری اداروں کو ’گولڈن ٹک‘ جب کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں اور حکومتوں کے اکاؤنٹس کو ’گرے ٹک‘ دیا جائے گا۔ تاہم عام صارفین اور شخصیات کو پرانا ’بلیو ٹک‘ ہی دیا جائے گا اور اسی سلسلے کے تحت پاکستان سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں کاروباری اداروں اور حکومتی اکاؤنٹس کے ’ٹک‘ تبدیل کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ان سب باتوں سے اہم بات یہ ہے کہ ایلون مسک نے پہلے سے ہی تصدیق شدہ اکاؤنٹس کا بلیو ٹک چند ماہ میں ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ ایلون مسک نے ایک صارف کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے تصدیق کی کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ان تمام اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹادیا جائے گا، جنہیں پہلے بلیو ٹک دیا جا چکا ہے۔ انہوں نے ماضی میں اکاؤنٹس کو بلیو ٹک فراہم کرنے کے طریقے کو غلط اور بے وقوفانہ فیصلہ بھی قرار دیا۔ اگرچہ ایلون مسک نے پہلے سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے بلیو ٹک کو ختم کرنے کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان اکاؤنٹس کو دوبارہ بلیو ٹک فراہم کرنے کے لیے کیا طریقہ کار ہوگا؟

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔