17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے، عمران خان

17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے، عمران خان
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شرمناک طریقے سے بڑے ڈاکوؤں کے کیسزختم کیے جا رہے ہیں،اب زرداری مافیا کو بھی معاف کیا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم تباہی کے کنارے پر کھڑے ہیں، ہماری معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے، معیشت اس لیے تباہ ہو رہی ہے کہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں، بڑے ڈاکو جو مفرور تھے آج وہ واپس آرہے ہیں اور ان کے کیسزختم ہورہے ہیں، ان چوروں کو این آر او ٹو دے کر پاک کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) باجوہ نے ان کو این آر او 2 دیا ہے۔ سلیمان شہباز واپس آکر کہتا ہے کہ اس کے ساتھ کتنا ظلم ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیسز سے جڑے افراد ہارٹ اٹیک سے کیسے انتقال کر جاتے ہیں، کوئی اس کی تحقیقات تو کرے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ 88 فیصد بزنس مین کہتے ہیں انہیں اس حکومت پر بھروسہ نہیں، پاکستان کی کریڈٹ رسک 100 فیصد بڑھ گئی ہے، جب ہم حکومت میں تھے تو کریڈٹ رسک 5 فیصد تھی۔انہوں نے کہا کہ معیشت سکڑتی جا رہی ہے،ہم تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں، ملک میں بے روزگاری اور غربت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ یہ سازش کے تحت ملک کے ساتھ کیا گیا ہے، ملک ڈیفالٹ کر جائے تو سب سے پہلے نیشنل سیکیورٹی متاثر ہوتی ہے، اگر پاکستان ڈیفالٹ کر جائے تو بیل آوٹ کرنے والے کیا قیمت مانگیں گے ہم سب جانتے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے خطاب میں کہا کہ میں کسی سے کوئی مدد نہیں مانگ رہا، چاہتا ہوں اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہے، تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے میں اسٹیبلشمنٹ سے مدد مانگ رہا ہوں، سات مہینوں میں ہمارے ساتھ کھل کر دشمنی کی گئی، توشہ خانہ کیس کے پیچھے کون تھا؟

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔