وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہم 15 تاریخ کا انتظار ہرگز نہیں کرینگے، پٹرولیم مصنوعات کو آج ہی سستا کر دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعلان آج میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کی سمری وزارت خزانہ کو مل گئی ہے۔ ہم آج ہی قیمتوں کو کم کرنے جا رہے ہیں۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ اس لئے کیا گیا کیونکہ وزیراعظم شہباز شریف چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کو تیل کی قیمتیں سستی کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ قوم مشکل فیصلوں میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کھڑی رہی۔ میں اس ڈیل پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مشکل وقت کے بعد قوم کو ریلیف دینے کا وقت آ گیا ہے۔ پاکستانی قوم ان بحرانوں کو سمجھتی ہے۔ قوموں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں۔